بین الاقوامی

دو ڈالر کا جعلی ڈاک لیبل، امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر کا نقصان؛ خانیوال کے شخص پر فردِ جرم

Alt attribute format
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - دو ڈالر کا جعلی ڈاک لیبل، امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر کا نقصان؛ خانیوال کے شخص پر فردِ جرم
یہ بھی پڑھیں: ایران اسرائیل پر حملے کے لیے ایٹم بم بنا رہا ہے، نیتن یاہو کا دعویٰ

امریکی ریاست فلوریڈا کی جنوبی ضلعی وفاقی گرینڈ جیوری نے پاکستان کے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ شخص پر امریکی پوسٹل سروس (USPS) کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی۔

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم مبینہ طور پر LabelsBank.com نامی ویب سائٹ چلاتا تھا، جہاں جعلی امریکی ڈاک لیبل فروخت کیے جاتے تھے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق اس ویب سائٹ کے ذریعے 51 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک لیبلز فروخت کیے گئے۔ مبینہ طور پر یہ لیبل تقریباً 2 ڈالر فی لیبل کے حساب سے دستیاب تھے، جنہیں استعمال کرکے صارفین اصل ڈاک فیس کے مقابلے میں انتہائی کم قیمت پر اپنے پیکجز بھیج سکتے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ ویب سائٹ امریکی پوسٹل سروس کی مجاز فروخت کنندہ نہیں تھی۔ جعلی لیبلز کے ذریعے صارفین پارسل کے وزن، حجم اور منزل کے حساب سے عائد ہونے والی اصل ڈاک فیس سے بچ جاتے تھے۔

استغاثہ کے مطابق اس طریقہ کار کے نتیجے میں امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زیادہ کا مالی نقصان پہنچا۔

امریکی اٹارنی جیسن اے ریڈنگ کوئینونیز نے اس معاملے کو بڑے پیمانے پر جاری رہنے والی مبینہ فراڈ اسکیم قرار دیا۔ ان کے مطابق فردِ جرم میں 51 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک لیبلز کی فروخت اور امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زیادہ کے نقصان کا ذکر کیا گیا ہے۔

تاہم یہ بات واضح رہے کہ فردِ جرم عائد ہونا جرم ثابت ہونے کے مترادف نہیں۔ ملزم کو عدالت میں اپنا دفاع پیش کرنے کا حق حاصل ہے اور مقدمے کا حتمی فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔