بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ایک کارروائی کے دوران محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ نامی شخص کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا اور اسے پاکستان کا سابق فوجی اہلکار قرار دیا۔ بھارتی حکام کے مطابق ہلاک شخص کا تعلق کالعدم لشکر طیبہ سے تھا اور وہ پاکستان آرمی کی اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) میں حوالدار رہ چکا تھا۔
پاکستان کی جانب سے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے معاملے پر اپنا مؤقف پیش کیا گیا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 29 ستمبر کی رات بھارتی فوج نے سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کی اطلاع دی۔ بھارتی فوج کے مطابق کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد مارا گیا، جس کی شناخت محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ کے نام سے کی گئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے بعد میں دعویٰ کیا کہ ہلاک شخص کا تعلق پاکستان سے تھا اور وہ ایس ایس جی کا سابق حوالدار تھا۔ بھارتی میڈیا میں اس حوالے سے مبینہ سروس نمبر سمیت دیگر تفصیلات بھی سامنے لائی گئیں۔
پاکستانی فوج کے ترجمان نے بھارتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا ہے اور اس معاملے سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح کیا گیا ہے۔





