آئی سی سی نے کرکٹ ورلڈکپ 2027 کا مکمل شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل ہیں اور دونوں روایتی حریفوں کے درمیان گروپ مرحلے کا میچ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔
جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والا ورلڈکپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جاری رہے گا۔ ایونٹ میں 14 ٹیمیں 57 میچز کھیلیں گی۔
گروپ اے میں بھارت، آسٹریلیا، پاکستان، افغانستان، زمبابوے اور کوالیفائر اے شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش اور کوالیفائر بی شامل ہیں۔
پاکستان گروپ مرحلے میں 8 اکتوبر کو افغانستان، 15 اکتوبر کو کوالیفائر اے، 19 اکتوبر کو زمبابوے اور 22 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف بھی میدان میں اترے گا۔
گروپ مرحلے کے بعد ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں جبکہ دونوں گروپس میں چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیموں میں سے بہتر ٹیم سپر 7 مرحلے میں پہنچے گی۔ سپر 7 میں ٹیمیں نئے سرے سے مقابلہ کریں گی اور گروپ مرحلے کے پوائنٹس ساتھ نہیں لے جائیں گی۔
اگر پاکستان اور بھارت سپر 7 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرتے ہیں تو دونوں ٹیمیں 7 نومبر کو کیپ ٹاؤن میں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی۔
ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل 17 نومبر کو کیپ ٹاؤن جبکہ دوسرا سیمی فائنل 18 نومبر کو تشوانے میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 21 نومبر کو جوہانسبرگ کے وانڈررز اسٹیڈیم میں ہوگا۔





