یمن کے حوثیوں نے مدینہ منورہ میں طیبہ بجلی کے گرڈ اسٹیشن کو نشانہ بنانے کے الزام کی سختی سے تردید کردی ہے۔
حوثیوں کے ایک فوجی ذریعے نے سعودی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا گروپ مدینہ منورہ میں بجلی کے اسٹیشن کو نشانہ بنانے میں ملوث نہیں۔ حوثی مؤقف کے مطابق ان کی کارروائیاں مسجد الاقصیٰ کے تحفظ کے لیے امریکا، برطانیہ اور اسرائیل کے خلاف جاری ہیں۔
اس سے قبل یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے دعویٰ کیا تھا کہ 29 ستمبر کی صبح 5 بج کر 11 منٹ پر مدینہ منورہ کے طیبہ بجلی تقسیم اسٹیشن کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
ترکی المالکی کے مطابق حملے کے نتیجے میں ایک ٹرانسفارمر عارضی طور پر بند ہوگیا، تاہم مجموعی بجلی کا نظام متاثر نہیں ہوا۔ سعودی اتحادی افواج نے تحقیقات اور ڈرون کے ملبے کی جانچ کی بنیاد پر حوثیوں کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
دوسری جانب حوثیوں نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے سعودی عرب کی جانب سے عائد کیا گیا بے بنیاد دعویٰ قرار دیا ہے۔ یوں واقعے کے حوالے سے سعودی اتحادی افواج اور حوثیوں کے مؤقف ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔





