پاکستان

ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی

Alt attribute format
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - ملک میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: پنجاب کے 4 اضلاع میں رینجرز تعینات کرنے کی درخواست

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کردیئے ہیں، جن کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.53 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران بھی مہنگائی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی 0.21 فیصد بڑھ گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ 10 اشیاء سستی اور 21 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ہفتے مرغی کی قیمت میں 7.25 فیصد اور لہسن کی قیمت میں 1.85 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دال چنا 1.30 فیصد مہنگی ہوئی۔ اسی طرح ایل پی جی کی قیمت میں 1.17 فیصد، انڈوں میں 0.72 فیصد اور چاول کی قیمت میں 0.55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ہفتہ وار بنیادوں پر ڈیزل کی قیمت 3.43 فیصد، کیلے 1.52 فیصد اور چینی 1.05 فیصد سستی ہوئی۔ آلو کی قیمت میں 0.96 فیصد، پیٹرول میں 0.65 فیصد اور دال مونگ میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمت میں سب سے نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو 114.20 فیصد رہا۔ اس کے علاوہ ایل پی جی 66.59 فیصد اور بجلی کے چارجز 58.59 فیصد مہنگے ہوئے۔

سالانہ بنیادوں پر ڈیزل کی قیمت میں 44.50 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 44.05 فیصد اضافہ ہوا۔ گندم کا آٹا 32.65 فیصد اور مرچ پاؤڈر 15.55 فیصد مہنگا ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ٹماٹر کی قیمت میں 45.52 فیصد اور آلو کی قیمت میں 39.54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح چینی 21.95 فیصد، انڈے 17.47 فیصد اور نمک پاؤڈر 14.81 فیصد سستا ہوا۔

تازہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ بعض اشیاء کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر کمی ہوئی ہے، تاہم مجموعی طور پر ملک میں مہنگائی کی شرح اب بھی دو ہندسوں میں برقرار ہے۔