پاکستان

بھارتی بارڈر فورس کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق، پاکستان کا شدید احتجاج

Alt attribute format
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - بھارتی بارڈر فورس کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہری جاں بحق، پاکستان کا شدید احتجاج
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی میں 9ویں جماعت کے خراب نتائج پر کارروائی، 160 اسکولوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کو شوکاز نوٹس

اسلام آباد: بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی فائرنگ سے 2 پاکستانی شہریوں کی شہادت پر پاکستان نے بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بیڈیاں سیکٹر میں بھارتی بی ایس ایف اہلکاروں نے 2 پاکستانی شہریوں کو فائرنگ کرکے شہید کیا، جس کے بعد بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے شہریوں پر فائرنگ کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے جاں بحق افراد کو ’درانداز‘ قرار دینے کی بھارتی کوشش بھی مسترد کردی۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی ہلاکت بنیادی انسانی حقوق اور حقِ زندگی کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

پاکستان نے بھارت سے واقعے کی فوری، شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی اور محکمانہ کارروائی کرنے پر زور دیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ناظم الامور کو دیے گئے مراسلے میں مطالبہ کیا گیا کہ بھارت تحقیقات کے نتائج اور ذمہ دار افراد کے خلاف کی گئی کارروائی سے پاکستان کو آگاہ کرے۔

پاکستان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا احترام یقینی بنائے، سرحدی معاملات میں زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Alt attribute format