خانیوال: امریکا نے پاکستان کے شہر خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم کی گرفتاری میں مدد دینے والی معلومات پر ایک لاکھ ڈالر تک انعام مقرر کیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق فہیم اکرم پر جعلی ڈاک ٹکٹوں اور شپنگ لیبلز کا مبینہ نیٹ ورک چلانے کا الزام ہے۔ حکام کا دعویٰ ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے 50 لاکھ سے زائد جعلی ڈاک لیبل فروخت کیے گئے، جس سے امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچا۔
امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس کے مطابق فہیم اکرم کی ویب سائٹ بند کردی گئی ہے اور اب اس کی گرفتاری کے لیے عوام سے مدد طلب کی گئی ہے۔
امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ فہیم اکرم کو خود پکڑنے کی کوشش نہ کی جائے۔ اگر کسی شخص کے پاس اس کی موجودگی سے متعلق معلومات ہوں تو وہ امریکی پوسٹل انسپکٹرز سے 1-877-876-2455 پر رابطہ کرے۔
امریکی حکام کی جانب سے فہیم اکرم کی تصویر بھی جاری کی گئی ہے اور اس کی گرفتاری اور سزا تک پہنچانے والی معلومات فراہم کرنے پر ایک لاکھ ڈالر تک انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔





