اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم نے انہیں بتایا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان گزشتہ چار سے پانچ ہفتوں سے بلڈ پریشر کے مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کو بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے لیے ادویات دی گئیں، تاہم اس کے باوجود ان کا بلڈ پریشر قابو میں نہیں آ رہا تھا۔
ان کے مطابق حکومتی مذاکراتی ٹیم نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر خصوصاً لندن سے ایک ڈاکٹر کو عمران خان کے معائنے اور علاج کے لیے بلایا گیا۔ سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ لندن سے آنے والے ڈاکٹر نے عمران خان کا چیک اپ کیا، جس کے بعد بڑی مشکل سے ان کا بلڈ پریشر کنٹرول میں لایا گیا۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان کو میڈیکل پینل کا حصہ بنانے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔
پی ٹی آئی رہنما نے عمران خان سے ملاقات کو موجودہ مذاکراتی عمل کا اہم ترین معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مکالمے میں شامل کیے بغیر کوئی بھی بات حتمی نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے حوالے سے پارٹی کا مؤقف واضح ہے اور عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی آئندہ کے معاملات پر کوئی حتمی پیش رفت ممکن ہوگی۔





