بین الاقوامی

امریکہ جلد ایران سے نکل جائے گا، تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے گرنے والی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ جلد ایران سے نکل جائے گا، تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے گرنے والی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - امریکہ جلد ایران سے نکل جائے گا، تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے گرنے والی ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
یہ بھی پڑھیں: فلائی دبئی واقعہ: ایران ملوث ہوا تو سخت کارروائی ہوگی، ٹرمپ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی اور اس کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آئیں گی۔

سان انتونیو، ٹیکساس میں ریپبلکن انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کارروائی اس لیے ضروری تھی تاکہ اس کے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی راہ روکی جا سکے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا بہت جلد ایران سے نکل جائے گا اور جنگ کے خاتمے کے بعد تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آنے لگیں گی۔ ان کے مطابق جنگ کے اختتام سے توانائی کی قیمتوں پر دباؤ بھی کم ہوگا۔

امریکی صدر نے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے کی خواہش کا بھی اظہار کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ تہران کو اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے قابل قبول اقدامات کرنا ہوں گے۔ دوسری جانب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی کہا ہے کہ جنگ ختم کرنے کے لیے ایران کو اپنی یورینیم افزودگی کی صلاحیت میں بامعنی کمی کرنا ہوگی۔

دوسری جانب ایران نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اظہار کیا ہے۔ ایرانی حکام کی جانب سے سفارت کاری کے ذریعے مسائل حل کرنے کی بات بھی کی گئی ہے، تاہم واشنگٹن اور تہران کے درمیان جوہری پروگرام اور جنگ کے خاتمے کی شرائط پر اختلاف برقرار ہے۔

ادھر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر بھی ایران جنگ کے اثرات نمایاں ہیں۔ تازہ رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ میں سپلائی کے خدشات اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرچکی ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنازع کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ مسلسل دباؤ میں ہے، جبکہ جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل معمول پر آنے کی صورت میں قیمتوں میں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔