بین الاقوامی

سعودی ولی عہد کی مصری صدر سے اہم ملاقات، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی پر گفتگو

نمائندہ نیشنل پوائنٹ - سعودی ولی عہد کی مصری صدر سے اہم ملاقات، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی پر گفتگو

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مصری صدر السیسی سے قاہرہ میں اہم ملاقات ہوئی جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام پر گفتگو ہوئی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے۔ 

بعد ازاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مصری صدر السیسی سے قاہرہ میں اہم ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام پر گفتگو ہوئی۔سعودی عرب اور مصر نے بحری آمدورفت کی سلامتی و آزادی یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے بحیرہ احمر میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کے حوالے سے سعودی مطالبے کی حمایت کی۔

مصری ایوانِ صدر کے بیان میں کہا گیا کہ مصر اور سعودی عرب کے تعلقات عرب فریم ورک کے اندر مثالی نوعیت کے ہوسکتے ہیں اور سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سلامتی مصر کی قومی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کا مصر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ حملوں کا بھرپور جواب دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔بیان میں یمن کے تنازع کے پائیدار سیاسی حل کے لیے جاری کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔