مکہ مکرمہ: مسجد الحرام کے معروف مؤذن شیخ ابراہیم بن عادل مدنی انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی اذان اور تکبیرات کی ریکارڈنگز بھی شیئر کی جا رہی ہیں۔
شیخ ابراہیم مدنی مسجد الحرام کے مؤذنین میں شامل تھے اور مکبریۂ مسجد الحرام سے بھی وابستہ رہے۔ وہ مسجد الحرام میں اذان اور نماز کے دوران امام کی تکبیرات نمازیوں تک پہنچانے کی ذمہ داری انجام دیتے تھے۔
شیخ ابراہیم مدنی نے ایک سابقہ گفتگو میں مسجد الحرام میں اپنی پہلی اذان کا واقعہ بھی بیان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ خانۂ کعبہ کے قریب اپنی آواز میں اذان دیتے ہوئے طواف کرنے والے لوگوں کو دیکھ کر وہ جذباتی ہوگئے تھے۔
انہوں نے اس موقع پر اپنی عاجزی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ خود کو اس قابل نہیں سمجھتے تھے کہ اس مقدس مقام پر ان کی آواز بلند ہو۔
شیخ ابراہیم مدنی مسجد الحرام کے ان مؤذنین میں شامل تھے جن کی آواز سے دنیا بھر کے مسلمان واقف تھے۔ ان کے انتقال پر مختلف حلقوں کی جانب سے افسوس اور دعائے مغفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔





