پی سی بی کا انڈر 19 کھلاڑیوں کو پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پہلی مرتبہ قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ شاہد انور نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی، جس میں نوجوان کھلاڑیوں کی انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کو سراہا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی پر انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کیا۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے اس اقدام پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اعتراف اور انہیں سینٹرل کنٹریکٹس ملنا خوش آئند ہے۔ اس سے کھلاڑیوں کو مزید محنت اور بہتر کارکردگی کی ترغیب ملے گی۔
شاہد انور کا کہنا تھا کہ اچھی کارکردگی کا صلہ ملنے سے نوجوان کرکٹرز کا اعتماد بڑھتا ہے، جبکہ چیئرمین پی سی بی کی حوصلہ افزائی کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے لیے بھی باعثِ تقویت ہے۔
انگلینڈ کے خلاف یوتھ ون ڈے سیریز جیتنے والی پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ملتان میں منعقد ہونے والے انڈر 19 ڈویلپمنٹ کیمپس سے کھلاڑیوں کو بہت فائدہ ہوا۔ گزشتہ دو برس کے دوران ملتان میں ہونے والے انڈر 19 کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
فرحان یوسف نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات نوجوان کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا رہی، جبکہ انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنا تمام کھلاڑیوں کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
دیگر کھلاڑیوں نے بھی سینٹرل کنٹریکٹس کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے نوجوان کرکٹرز کا اعتماد اور حوصلہ بڑھے گا۔ اس سے انہیں اپنی کرکٹ پر مزید توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت میں بھی مدد ملے گی۔
کھلاڑیوں نے اس اقدام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔





