تہران: امریکا کی جانب سے ایرانی ایوی ایشن سیکٹر پر نئی پابندیاں عائد کیے جانے کے باوجود ایران کی بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔
فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق ایرانی ائیرلائنز کی متعدد پروازیں مختلف ممالک کے لیے روانہ ہوئیں، جن میں متحدہ عرب امارات، ترکیہ، چین، آذربائیجان اور افغانستان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تھائی لینڈ کے لیے بھی ایرانی پروازیں ریکارڈ کی گئیں۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکی پابندیوں کے نفاذ کے چند گھنٹے بعد بھی ایران سے تقریباً 6 پروازیں مختلف عالمی مقامات کے لیے روانہ ہوئیں۔ ان پروازوں میں بنکاک، شنگھائی اور کابل جانے والی پروازیں بھی شامل تھیں۔
رپورٹ کے مطابق نئی امریکی پابندیوں کے باوجود ایرانی فضائی کمپنیوں کی بین الاقوامی سرگرمیاں فوری طور پر مکمل طور پر متاثر نہیں ہوئیں اور مختلف روٹس پر پروازوں کا سلسلہ جاری رہا۔





