کوئٹہ: حکومتِ بلوچستان نے کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے، جن کے تحت بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار میں بھی کمی کردی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند ہوں گے، جبکہ میرج ہالز رات 10 بجے اور ریسٹورنٹس رات 11 بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔
کون سے ادارے پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے؟
اعلامیے کے مطابق فارمیسیز، ہسپتال، پیٹرول پمپس اور ڈیری شاپس کو نئے اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، یعنی یہ ضروری خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
سرکاری اخراجات میں بھی کمی
کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں تین ماہ کے لیے 50 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کی نئی خریداری اور غیرملکی دوروں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
حکومت نے سرکاری عشائیوں، سیمینارز اور کانفرنسز پر بھی پابندی کا اعلان کیا ہے، جبکہ تنخواہوں اور پنشن کے علاوہ دیگر سرکاری اخراجات میں 5 فیصد کمی کی جائے گی۔
شادیوں میں ون ڈش پالیسی
اعلامیے میں شادی کی تقریبات میں ون ڈش پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
حکومتِ بلوچستان کے مطابق یہ تمام کفایت شعاری اور ایندھن بچت اقدامات فوری طور پر نافذالعمل ہوں گے۔





