پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ 4 اکتوبر تک مؤخر کیے جانے کے بعد خیبرپختونخوا سے اسلام آباد جانے والے اہم راستے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم ون اسلام آباد سے پشاور تک دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہے۔ اسی طرح جی ٹی روڈ این فائیو بھی اسلام آباد سے پشاور تک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی نے رواں ماہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ مارچ اب 4 اکتوبر کو پشاور سے روانہ ہوگا۔
لانگ مارچ کی تیاریوں کے دوران ایم ون، ایم 14 اور جی ٹی روڈ کے مختلف حصوں کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا تھا۔ بعد ازاں مارچ مؤخر ہونے کے بعد رکاوٹیں ہٹانے کا عمل شروع کیا گیا اور اہم راستے دوبارہ بحال کیے گئے۔
تاہم موٹروے پولیس کے مطابق ایم 14 پر ہکلہ سے کنڈل تک بحالی کا کام ابھی جاری ہے، جبکہ ایم ون کو ہزارہ موٹروے سے ملانے والے رابطہ راستے پر بھی کام جاری ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد سے ایبٹ آباد جانے والی ٹریفک ایم ون کے ذریعے برہان انٹرچینج سے نکل کر جی ٹی روڈ کے راستے حسن ابدال پہنچ سکتی ہے، جہاں سے جھاری کس انٹرچینج کے ذریعے دوبارہ ہزارہ ایکسپریس وے پر داخل ہوا جا سکتا ہے۔





