اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جون 2026 تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں مقررہ ہدف سے 99 ارب روپے زیادہ وصول کر لیے۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا آغاز 28 ستمبر سے ہوگا، جو 7 اکتوبر 2026 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ مذاکرات میں پیٹرولیم لیوی سے متعلق امور پر خصوصی سیشنز بھی ہوں گے۔
ان مذاکرات کے دوران پاکستان کے موجودہ قرض پروگرام کے چوتھے جائزے کے لیے پالیسی معاملات پر بات چیت کی جائے گی۔ آئی ایم ایف وفد کی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں نئی قسط کے حصول کے لیے اہم مذاکرات ہوں گے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف وفد کو وزیراعظم شہباز شریف کی پیٹرول سبسڈی اسکیم کے بارے میں بھی بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ 30 جون 2026 تک ملک کی ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن سے متعلق تفصیلات بھی پیش کی جائیں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جون 2026 تک پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا ہدف 1468 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا، تاہم حکومت نے اس مد میں 1567 ارب روپے جمع کیے۔ یوں حکومت نے مقررہ ہدف سے 99 ارب روپے زیادہ وصول کیے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے بیشتر معاشی اہداف حاصل کیے ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت کی صورت میں پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی پانچویں قسط کی منظوری کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔





