ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض حلقے ایران کو دنیا کی چوتھی سپر پاور سمجھتے ہیں، تاہم ان کے بقول اللہ کے حساب سے ایران دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہوگا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ بات ایران میں جاری ’ہفتہ دفاع مقدس‘ اور حزب اللہ کے سابق سربراہ سید حسن نصراللہ کی دوسری برسی کے موقع پر جاری اپنے تحریری بیان میں کہی۔ ان کا بیان ایرانی میڈیا میں شائع ہوا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ماضی میں ایران کے جنوبی سمندری علاقوں میں دشمن قوتوں کی سرگرمیاں جاری رہتی تھیں، تاہم ان کے مطابق آبنائے ہرمز کے محافظوں اور ایرانی جنگجوؤں کی کارروائیوں کے بعد مخالف قوتیں بحیرہ عرب سے آگے بڑھنے کی جرات نہیں کرتیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن قوتوں کو ایران کے خلاف کارروائیوں میں نقصان اٹھانا پڑا ہے اور وہ وقت زیادہ دور نہیں جب بحیرہ عرب بھی ان کی موجودگی سے خالی ہوجائے گا۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے مزید کہا کہ ایران اس ماضی کی جانب واپس نہیں جائے گا جس کی واپسی دشمن چاہتا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی عوام ملک کے دفاع اور اپنے مؤقف کے تحفظ کے لیے متحد ہیں۔
سید حسن نصراللہ کو خراجِ عقیدت
اپنے بیان میں ایرانی سپریم لیڈر نے حزب اللہ کے سابق سربراہ سید حسن نصراللہ کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور انہیں عرب دنیا کا ایک نمایاں مزاحمتی رہنما اور مزاحمتی محاذ کی اہم علامت قرار دیا۔
مجتبیٰ خامنہ ای کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان آبنائے ہرمز، جوہری پروگرام اور پابندیوں کے معاملات پر کشیدگی کے ساتھ ساتھ سفارتی رابطے بھی جاری ہیں۔





