پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئندہ ون ڈے سہ فریقی سیریز کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں 16 رکنی قومی اسکواڈ نے جمعرات 15 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم
پاکستانی ٹیم سہ فریقی سیریز میں 18 اکتوبر کو سری لنکا اور 20 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف راولپنڈی میں میدان میں اترے گی۔ اس کے بعد لاہور میں 25 اکتوبر کو انگلینڈ جبکہ 27 اکتوبر کو سری لنکا سے مقابلہ ہوگا۔
قومی ٹیم نے شام 4 بجے سے 7 بجے تک تین گھنٹے طویل تربیتی سیشن کیا۔ اس دوران ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بیٹنگ کوچ مائیک اسمتھ، بولنگ کوچ شان ٹیٹ اور فیلڈنگ کوچ منصور امجد نے کھلاڑیوں کی نگرانی کی۔
تربیتی سیشن میں تمام 16 کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جہاں مہارت بہتر بنانے کے ساتھ پریکٹس پر بھی توجہ دی گئی۔ تمام کھلاڑیوں کو بیٹنگ کی مشق کا موقع بھی ملا۔
فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، رضوان اللہ، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے شان ٹیٹ کی نگرانی میں بولنگ کی مشقیں کیں۔ دوسری جانب اسپن بولرز شاداب خان، ابرار احمد، عرفات منہاس اور سفیان مقیم نے نیٹ سیشن میں طویل اسپیلز کیے۔
پاکستانی ٹیم جمعہ اور ہفتہ کو بھی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شام 4 بجے سے 7 بجے تک ٹریننگ جاری رکھے گی۔ قومی ٹیم کی یہ تیاریاں آئندہ مصروف ون ڈے کرکٹ سیزن کے پیش نظر کی جا رہی ہیں۔





