سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مبینہ بیک ڈور رابطوں اور مذاکرات کے حوالے سے اہم دعویٰ کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد میر نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی برف پگھلانے اور کسی بڑے بریک تھرو کے لیے بیک ڈور ایک منظم کوشش کی گئی تھی، تاہم ان کے مطابق بانی تحریک انصاف عمران خان کے سخت مؤقف کے باعث یہ کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں۔
حامد میر کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کوششوں کے باوجود عمران خان اپنے مؤقف پر قائم ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں کسی صورت نواز شریف کی طرح سیاست نہیں کرنی۔
سینئر صحافی نے مزید کہا کہ ان کے انکشاف کے بعد ممکن ہے کسی پراکسی کو سامنے لایا جائے تاکہ ان کی بات کو غلط ثابت کرنے کی کوشش کی جائے، تاہم ان کے مطابق وقت آنے پر حقائق عوام کے سامنے خود واضح ہوجائیں گے۔
حامد میر نے کہا کہ عمران خان ہمیشہ جیل میں نہیں رہیں گے اور ایک وقت آئے گا جب وہ باہر ہوں گے۔ ان کے مطابق اس وقت مذاکرات اور موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق حقائق اور تفصیلات سامنے آنے پر عوام خود حقیقت جان سکیں گے۔





