لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی کے لیے وفاقی وزارتِ داخلہ کو خط لکھ دیا ہے۔
پنجاب کے محکمہ داخلہ کے مطابق رینجرز کی خدمات امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات میں پولیس کی معاونت کے لیے طلب کی گئی ہیں۔ یہ درخواست پنجاب پولیس کی جانب سے اضافی سکیورٹی معاونت طلب کیے جانے کے بعد کی گئی۔
محکمہ داخلہ کے مطابق راولپنڈی میں رینجرز کی 3 کمپنیاں، اٹک میں 5 ونگز جبکہ جہلم اور میانوالی میں ایک، ایک کمپنی تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر 2026 تک رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان کے 59ویں اجلاس میں کیا گیا تھا۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ رینجرز کی تعیناتی آئین پاکستان کے آرٹیکل 245، انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کی متعلقہ دفعات کے تحت کی جائے گی۔
حکومت پنجاب کے مطابق سکیورٹی اقدامات کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کرنا ہے۔
یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے باعث پنجاب اور اسلام آباد میں سکیورٹی انتظامات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔





