کوالالمپور: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کی اہلیہ ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی 100 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی نے کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ میں صبح تقریباً 9 بج کر 20 منٹ پر آخری سانس لی۔
ڈاکٹر سیتی حسمہ اور مہاتیر محمد کی پہلی ملاقات 1940 کی دہائی کے اواخر میں سنگاپور میں ہوئی تھی، جہاں دونوں میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ دونوں نے 1956 میں شادی کی اور رواں برس اگست میں اپنی شادی کی 70ویں سالگرہ منائی تھی۔
مرحومہ کے پسماندگان میں ان کے شوہر ڈاکٹر مہاتیر محمد اور سات بچے شامل ہیں۔
ڈاکٹر سیتی حسمہ محمد علی کو ملائیشیا میں صحت عامہ، خاندانی منصوبہ بندی، ماں اور بچوں کی صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں ان کی خدمات کے باعث نمایاں مقام حاصل تھا۔ انہیں عوامی سطح پر سادہ مزاج، خوش اخلاق اور نرم گو شخصیت کے طور پر بھی جانا جاتا تھا۔
مہاتیر محمد ماضی میں کئی مواقع پر اپنی سیاسی اور ذاتی زندگی میں اہلیہ کے اہم کردار کا اعتراف کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد ملائیشیا کی تاریخ میں طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے رہنماؤں میں شامل ہیں۔ وہ پہلی مرتبہ 1981 سے 2003 تک وزیراعظم رہے، جبکہ دوسری مرتبہ 2018 سے 2020 تک اس منصب پر فائز رہے۔





