آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کا اعلان جمعرات کو جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاؤن میں کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور کرکٹ ساؤتھ افریقہ مشترکہ طور پر میگا ایونٹ کے مکمل شیڈول کی تفصیلات جاری کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق یکم اکتوبر سے ورلڈ کپ 2027 کا ایک سالہ کاؤنٹ ڈاؤن بھی شروع ہوجائے گا۔ آئندہ ون ڈے ورلڈ کپ 2 اکتوبر سے 21 نومبر 2027 تک جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق 30 ستمبر تک ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی 14 ٹیموں میں سے 10 ٹیموں کا فیصلہ ہوجائے گا، جبکہ باقی ٹیموں کی حتمی شرکت کوالیفائنگ عمل مکمل ہونے کے بعد واضح ہوگی۔
دوسری جانب شائقین کرکٹ کے لیے بھی ٹکٹوں سے متعلق اہم اعلان متوقع ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2027 کے ٹکٹس کے لیے بیلٹ کا آغاز کرے گی، جس کے تحت شائقین یکم اکتوبر سے ٹکٹ بیلٹ کے لیے رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کے اعلان کے بعد کرکٹ شائقین کو میچز کی تاریخوں، مقامات اور ٹیموں کے مقابلوں سے متعلق مکمل معلومات بھی دستیاب ہوجائیں گی۔





