پاکستان کے ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ فہیم اکرم پر امریکا میں امریکی پوسٹل سروس (USPS) کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا مبینہ نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کردی گئی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فہیم اکرم مبینہ طور پر LabelsBank.com نامی ویب سائٹ چلاتے تھے، جہاں جعلی امریکی ڈاک لیبلز فروخت کیے جاتے تھے۔
امریکی حکام کے مطابق ویب سائٹ پر ایک جعلی ڈاک لیبل عام طور پر تقریباً 2 ڈالر میں فروخت کیا جاتا تھا، جبکہ اس کی قیمت پارسل کے وزن، حجم یا منزل سے متاثر نہیں ہوتی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے 5,200 سے زائد افراد نے 51 لاکھ سے زیادہ جعلی شپنگ لیبلز خریدے۔ ان لیبلز کے استعمال سے صارفین امریکی پوسٹل سروس کی اصل فیس کے مقابلے میں انتہائی کم قیمت پر پارسل بھیج سکتے تھے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق اس مبینہ اسکیم کے نتیجے میں USPS کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا۔
امریکی حکام کے مطابق فردِ جرم کے ساتھ ہی عدالت سے حاصل کیے گئے حکم کے تحت LabelsBank.com کو بند کردیا گیا اور اس کا ڈومین ضبط کرلیا گیا۔
فہیم اکرم پر امریکا کو دھوکہ دینے اور جعلی ڈاک لیبلز بنانے و فروخت کرنے کی سازش کے علاوہ وائر فراڈ کی دفعات کے تحت بھی الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق ملزم کے خلاف فردِ جرم جنوبی ضلع فلوریڈا کی وفاقی گرینڈ جیوری نے عائد کی ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ فردِ جرم جرم ثابت ہونے کے مترادف نہیں ہوتی۔ امریکی محکمہ انصاف نے بھی واضح کیا ہے کہ یہ الزامات ہیں اور ملزم کو عدالت میں جرم ثابت ہونے تک بے گناہ تصور کیا جاتا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فہیم اکرم پر عائد فردِ جرم میں ایک سازش، جعلی ڈاک لیبلز بنانے اور فروخت کرنے کے پانچ الزامات اور وائر فراڈ کے چار الزامات شامل ہیں۔





