سائنس و ٹیکنالوجی

انسٹاگرام ریلز کی ویوز بڑھانے میں مدد دے گا نیا اے آئی اسسٹنٹ

Alt attribute format
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - انسٹاگرام ریلز کی ویوز بڑھانے میں مدد دے گا نیا اے آئی اسسٹنٹ
یہ بھی پڑھیں: گوگل ٹرانسلیٹ میں1 زبردست فیچر آنے کا امکان، بولے گئے الفاظ کا ترجمہ ہوگا مزید آسان

کیا آپ کی انسٹاگرام ریلز ویڈیوز پر ویوز نہیں آ رہے یا آپ کی ویڈیوز توقع کے مطابق لوگوں تک نہیں پہنچ رہیں؟ اب انسٹاگرام صارفین کو اپنی ریلز بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت کی مدد حاصل ہوسکے گی۔

میٹا نے انسٹاگرام سے منسلک ایڈٹس (Edits) ایپ میں ایک نیا اے آئی اسسٹنٹ متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو ریلز ویڈیوز کے لیے بہتر مواد تیار کرنے اور ان کی کارکردگی سمجھنے میں مدد فراہم کرے گا۔

میٹا کے مطابق ایڈٹ اسسٹنٹ (Edit Assistant) نامی یہ نیا اے آئی ٹول صارفین کو ان کی ویڈیوز اور انسٹاگرام مواد کے حوالے سے مختلف تجاویز فراہم کرے گا۔

یہ اسسٹنٹ ناظرین کے ردعمل، ویڈیو کی کارکردگی سے متعلق میٹرکس اور انسٹاگرام پر موجود ٹرینڈز کا جائزہ لے کر مواد کے لیے نئے آئیڈیاز تجویز کرسکے گا۔

صارفین اس سے یہ بھی پوچھ سکیں گے کہ ان کی ایک ریلز اچھی کارکردگی کیوں دکھا رہی ہے جبکہ دوسری ویڈیو کو مطلوبہ رسپانس کیوں نہیں مل رہا۔

نئے اے آئی اسسٹنٹ کی مدد سے صارفین اپنی انسٹاگرام پروفائل کا تجزیہ بھی کرواسکیں گے۔

صارف اے آئی ٹول کو اپنی پروفائل کا جائزہ لینے کی ہدایت دے سکتا ہے، جس کے بعد یہ ان پہلوؤں کی نشاندہی کرنے کی کوشش کرے گا جن میں بہتری کی ضرورت ہو۔

یہ خصوصیت خاص طور پر ان افراد کے لیے مددگار ہوسکتی ہے جو مسلسل ریلز پوسٹ کرتے ہیں لیکن انہیں اپنی ویڈیوز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے واضح سمت نہیں ملتی۔

اے آئی اسسٹنٹ صرف ویڈیوز کے تجزیے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ صارفین کو ویڈیو کیپشنز، اسکرپٹس اور آڈیو سے متعلق تجاویز بھی فراہم کرسکے گا۔

اس طرح صارفین ایک ہی جگہ پر اپنی ریلز کے آئیڈیا سے لے کر اس کے کیپشن اور دیگر تخلیقی عناصر تک مختلف تجاویز حاصل کرسکیں گے۔

اس اے آئی ٹول کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو Edits ایپ کھول کر نیچے دائیں جانب موجود New Chat بٹن پر کلک کرنا ہوگا، جہاں سے اے آئی اسسٹنٹ کے ساتھ گفتگو کی جاسکے گی۔

صارف اس چیٹ میں اپنی ریلز کی کارکردگی سے متعلق سوالات پوچھنے کے علاوہ نئے مواد کے آئیڈیاز اور بہتری کے لیے تجاویز بھی طلب کرسکے گا۔

میٹا کی جانب سے اس اے آئی اسسٹنٹ کی آزمائش محدود تعداد میں صارفین کے ساتھ کچھ عرصے سے کی جا رہی تھی۔ اب اسے مزید صارفین تک پہنچانے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور آنے والے عرصے میں یہ سہولت تمام صارفین کے لیے دستیاب ہونے کی توقع ہے۔

تاہم مفت میں میٹا کی سروسز استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اے آئی اسسٹنٹ کے ساتھ تحریری ہدایات یا پرامپٹس کی تعداد پر حد مقرر کی جائے گی۔

نئے اے آئی اسسٹنٹ کے ذریعے میٹا صارفین کو ریلز کی کارکردگی سمجھنے، نئے آئیڈیاز تلاش کرنے اور اپنے مواد کو بہتر بنانے کے لیے ایک اضافی سہولت فراہم کر رہا ہے۔