واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا ڈیزل کی برآمد پر پابندی عائد نہیں کرے گا۔ یہ بیان جی سیون ممالک کی جانب سے ہنگامی ذخائر سے مجموعی طور پر 10 کروڑ بیرل ڈیزل، خام تیل اور دیگر تیل مصنوعات جاری کرنے کے معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے۔
جی سیون کے مطابق یہ ذخائر فوری طور پر جاری ہونا شروع ہوں گے اور چار ماہ تک یہ عمل جاری رہے گا، جبکہ پہلے 20 دنوں میں ڈیزل کی نمایاں مقدار مارکیٹ میں لانے کو ترجیح دی جائے گی۔ اس اقدام کو عالمی سطح پر ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور سپلائی کے دباؤ کو کم کرنے کی کوشش قرار دیا گیا ہے۔
ٹرمپ انتظامیہ نے اس سے قبل یورپی ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ اپنے ہنگامی ڈیزل ذخائر مارکیٹ میں لائیں، جبکہ امریکی ڈیزل کی برآمد پر ممکنہ پابندی کی بات بھی سامنے آئی تھی۔ ٹرمپ نے اب واضح کیا ہے کہ امریکا ایسی پابندی عائد نہیں کرے گا۔
برطانیہ میں ڈیزل کی اوسط قیمت £2 فی لیٹر سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ یورپ میں بھی ڈیزل کی قیمتیں ریکارڈ سطحوں تک پہنچی ہیں۔





