اسلام آباد: حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور آج دوبارہ ہوگا، جس میں اہم معاملات پر پیش رفت اور حتمی فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا دور دوپہر ڈھائی بجے متوقع ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی بات چیت میں دونوں فریق کسی حتمی اتفاقِ رائے تک نہیں پہنچ سکے تھے۔
مذاکرات میں حکومت کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ ختم کرے، جبکہ تحریک انصاف کا بنیادی اصرار عمران خان سے ملاقات کرانے پر ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے واضح مؤقف اختیار کیا ہے کہ احتجاج اور انتشار کے ذریعے کسی قسم کی رعایت حاصل نہیں کی جا سکتی۔ حکومت کے مطابق اگر اپوزیشن کسی معاملے میں رعایت چاہتی ہے تو اسے مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اگر اپوزیشن کی جانب سے ہٹ دھرمی کا سلسلہ جاری رہا تو حکومت نے آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔
اب سب کی نظریں آج ہونے والے مذاکرات پر ہیں، جہاں یہ طے ہوگا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کشیدگی کم کرنے کے لیے کسی مشترکہ حل تک پہنچ پاتے ہیں یا سیاسی محاذ پر ٹکراؤ مزید بڑھتا ہے۔





