دبئی سے اسرائیل جانے والی فلائی دبئی کی پرواز میں پیش آنے والے حیران کن واقعے کو متحدہ عرب امارات نے دہشتگردی قرار دے دیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق پرواز کے معاون پائلٹ نے کاک پٹ میں موجود پائلٹ پر کلہاڑی سے حملہ کیا اور اس کے بعد طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی۔
پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ معاون پائلٹ نے مبینہ طور پر اس حملے کی پہلے سے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ حکام کی جانب سے واقعے کے حالات، محرکات اور اس سے متعلق ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق ٹھوس شواہد کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے آسکے۔
دوسری جانب فلائی دبئی کے ترجمان نے کہا ہے کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، اس لیے فی الحال واقعے پر مزید تبصرہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق واقعے میں ملوث معاون پائلٹ کی شناخت عمانی شہری ہمام الحمامی کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد پرواز کو سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، جبکہ حکام کی تحقیقات کا مقصد حملے کی مکمل نوعیت اور اس کے پسِ پردہ عوامل کا تعین کرنا ہے





