تہران/نجف: امریکا کی جانب سے عراق کو خصوصی استثنیٰ ملنے کے بعد ایرانی ائیرلائنز نے عراق کے شہر نجف کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی پابندیوں کے باعث متاثر ہونے والی ایرانی فضائی کمپنیوں کو اب خصوصی اجازت کے تحت نجف کے لیے پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی ہے۔
اس اجازت کے بعد پہلی پرواز ایرانی کیسپین ائیرلائنز نے آپریٹ کی، جو مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شام 5 بج کر 15 منٹ پر نجف انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچی۔
اس پیش رفت سے ایران اور عراق کے درمیان فضائی رابطے میں دوبارہ بہتری آنے کی توقع ہے، جبکہ نجف جانے والے ایرانی مسافروں کے لیے بھی سفری سہولت بحال ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ عراقی حکومت نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ امریکا کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ماہان ائیر کے علاوہ دیگر ایرانی ائیرلائنز کو نجف کے لیے روزانہ مجموعی طور پر 40 پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔





