نیویارک: امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان نیویارک میں تقریباً 3 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
امریکی حکام کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کُشنر نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے اسے اچھی ملاقات قرار دیا اور کہا کہ ایرانیوں کے مفاد میں ہے کہ وہ معاہدہ کرلیں۔
دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات امریکی درخواست پر ہوئی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملاقات میں آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق ایرانی شرائط بھی زیر بحث آئیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایرانی جانب سے ناکہ بندی ختم کرنے، ایرانی اثاثے جاری کرنے اور تمام محاذوں پر جنگ ختم کرنے کی شرائط پیش کی گئی ہیں۔
ملاقات کے حوالے سے دونوں جانب سے بات چیت کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔





