پاکستان

اگر اسلام آباد ناکام ہو گیا تو اسے تھر والوں کے حوالے کردیں: بلاول بھٹو

Alt attribute format
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - اگر اسلام آباد ناکام ہو گیا تو اسے تھر والوں کے حوالے کردیں: بلاول بھٹو
یہ بھی پڑھیں: اسلامیہ یونیورسٹی کے گولڈ میڈلسٹ کی مزدوری، نوکری نہ ملنے پر دیہاڑی کرنے پر مجبور

کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تھر میں ہونے والی ترقی پورے پاکستان کے لیے مثال ہے، اگر اسلام آباد کا نظام ناکام ہوچکا ہے تو اسے تھر والوں کے حوالے کردیا جائے۔

تھرکول فیز تھری کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ماضی میں اسلام آباد کے ماہرین کا کہنا تھا کہ تھر کا کوئلہ بے کار ہے اور یہاں سرمایہ کاری کا کوئی فائدہ نہیں، تاہم آج تھر بلاک ٹو سے بجلی کی پیداوار 600 میگاواٹ سے بڑھ کر 2 ہزار میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں بھی نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ تھر کے بچے امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں، جس پر پورے ملک کو انہیں مبارکباد دینی چاہیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ تھر کی ترقی کو ہضم نہیں کر پا رہے اور سیاسی نفرت کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرپارکر ملک کے نظام، آئین اور 18ویں ترمیم کی ایک بڑی مثال ہے۔

ان کے مطابق تھر کے کوئلے کی وجہ سے ملک کا تقریباً 1.6 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جا رہا ہے، جبکہ عالمی سطح پر فرٹیلائزر کے بحران کے پیش نظر تھر کے کوئلے سے متعلق منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرنا چاہیے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ یہ منطق سمجھ سے بالاتر ہے کہ اگر نظام ناکام ہوگیا ہے تو نئے صوبے بنائے جائیں۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر اسلام آباد ناکام ہوچکا ہے تو اسے تھر کے حوالے کردیا جائے، تھر کے لوگ اسلام آباد کے بچوں کو بھی ٹاپ کرائیں گے اور اسپتال بھی بہتر بنا دیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر انہیں اسلام آباد کی ذمہ داری دی جائے تو وہ دکھا سکتے ہیں کہ تھر کے بچے اور عوام کیا کچھ کرسکتے ہیں۔