ویب ڈیسک: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان دوبارہ مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ساتھ دوبارہ مذاکرات ہوسکتے ہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت، سیاسی قیادت اور وفاقی حکومت اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان پر مسلط کی گئی دہشتگردی کی جنگ کو حتمی نتیجے تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو دہشتگردی کے خلاف پالیسی اور جاری آپریشن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ رابطے پہلے بھی موجود تھے اور اب بھی ہیں۔ ان کے مطابق اگر اپوزیشن کی جانب سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مثبت پیش رفت کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے تو حکومت دوبارہ مذاکرات کی میز پر بیٹھ سکتی ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بھی دوبارہ مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کردی۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار ہے اور اب گیند حکومت کے کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے مطالبات کا ڈرافٹ پہلے ہی حکومت کے پاس موجود ہے۔
ان کے مطابق اگر حکومت مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہوگی تو تحریک انصاف بھی مذاکرات کے عمل میں شریک ہونے کے لیے تیار ہے۔
یوں حکومت اور تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات کے امکان پر آمادگی کے بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دونوں جانب سے دہشتگردی کے خلاف حکمتِ عملی اور خیبرپختونخوا کی صورتحال پر اختلافات برقرار ہیں۔





