پاکستان

اسلام آباد پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں پر سوشل میڈیا پابندی، نئی پالیسی نافذ

اسلام آباد پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں پر سوشل میڈیا پابندی، نئی پالیسی نافذ
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - اسلام آباد پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں پر سوشل میڈیا پابندی، نئی پالیسی نافذ
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا پی ٹی آئی کو مذاکرات کا مشورہ، خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کی حمایت

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے تمام افسران اور اہلکاروں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق نئی پالیسی جاری کردی ہے، جس کے تحت پولیس کے تمام رینکس کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

نئی پالیسی کے مطابق پولیس اہلکاروں کو یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم استعمال کرنے کو بھی سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

پالیسی کے تحت سرکاری گاڑیوں، پولیس دفاتر یا نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے پر کارروائی کی جائے گی، جبکہ بغیر اجازت میڈیا کو بیان دینے، پبلک فورمز پر اظہار خیال کرنے اور آرٹیکلز لکھنے پر بھی پابندی ہوگی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار بھی نہیں کرسکیں گے۔ محکمانہ یا خفیہ دستاویزات، تصاویر اور دیگر حساس معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

پولیس کی مثبت سرگرمیوں کو سوشل میڈیا پر اجاگر کرنے کے لیے بھی متعلقہ اہلکاروں کو ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سے پیشگی منظوری لینا ہوگی۔ پولیس سرگرمیوں سے متعلق معلومات اور سرکاری مؤقف صرف سی پی او کی پبلک ریلیشنز برانچ کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔

نئی پالیسی کے تحت یونٹ سربراہان اپنے ماتحت عملے کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے۔ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق نئی سوشل میڈیا پالیسی کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے اور اس کی منظوری آئی جی اسلام آباد نے دی ہے۔