پاکستان

پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 750 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد

پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 750 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 750 ملین ڈالر مالیت کی منشیات برآمد
یہ بھی پڑھیں: شاداب خان کے معاملے پر توصیف احمد اور ثقلین مشتاق آمنے سامنےآگئے

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لی ہیں، جن کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے تحت معمول کی گشت کے دوران کی۔ گشت کے دوران ایک مشکوک کشتی کو روکا گیا اور اس پر بورڈنگ آپریشن کے ذریعے تلاشی لی گئی۔

تلاشی کے دوران کشتی کے خفیہ خانوں سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مجموعی طور پر 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لی گئیں، جن کی عالمی مارکیٹ میں مجموعی مالیت تقریباً 750 ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔

پاک بحریہ کے مطابق کامیاب کارروائی سمندر میں مسلسل نگرانی، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ پاک بحریہ سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور بحری سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی نگرانی اور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک کے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ کارکردگی، مستعدی اور کامیاب کارروائی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ اور سمندر میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاک بحریہ سمندری راستوں سے ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مسلسل آپریشنز انجام دے رہی ہے۔ رواں سال جون میں بھی پاک بحریہ نے گوادر کے ساحل کے قریب تقریباً دو ٹن منشیات قبضے میں لی تھیں، جن کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 215 ملین ڈالر بتائی گئی تھی۔

حالیہ کارروائی میں بھاری مقدار میں منشیات کی برآمدگی کو سمندری نگرانی اور انسدادِ اسمگلنگ کی کوششوں میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے، جبکہ پاک بحریہ نے واضح کیا ہے کہ سمندر کے ذریعے ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔