بالی ووڈ اداکار پریش راول نے نانا پاٹیکر سے متعلق ماضی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک موقع پر اداکار نے فلم میں کردار کے لیے ایک کروڑ بھارتی روپے معاوضہ طلب کیا، جو انہیں ادا بھی کیا گیا۔
پریش راول نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ نانا پاٹیکر کا انداز دیگر اداکاروں سے بالکل مختلف تھا اور وہ اپنے منفرد مزاج کی وجہ سے دوسروں سے الگ نظر آتے تھے۔
انہوں نے نانا پاٹیکر سے متعلق ایک اور دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک پروڈیوسر اداکار سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گیا۔ نانا پاٹیکر نے اسے کھانے میں مٹن پیش کیا اور کھانا کھانے کے بعد پروڈیوسر سے کہا کہ اب برتن صاف کریں۔
پریش راول کے مطابق نانا پاٹیکر نے پروڈیوسر سے کہا کہ آپ نے کھانا کھا لیا ہے، اب جا کر برتن صاف کریں۔ پریش راول نے نانا پاٹیکر کی شخصیت کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ نانا کا کوئی مقابلہ نہیں، وہ بالکل مختلف انسان تھے۔
واضح رہے کہ نانا پاٹیکر نے 1978 میں فلم ’گامن‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور چار دہائیوں سے زائد عرصے تک ہندی سنیما میں کام کیا۔
نانا پاٹیکر نے ’سلام بمبئی!‘، ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘ اور ’اگنی ساکشی‘ سمیت متعدد معروف فلموں میں اداکاری کی۔ انہیں ’پرندہ‘ کے لیے بہترین معاون اداکار جبکہ ’کرانتی ویر‘ کے لیے بہترین اداکار کا نیشنل فلم ایوارڈ بھی ملا۔
سنجیدہ کرداروں کے ساتھ ساتھ نانا پاٹیکر نے ’ویلکم‘ اور ’ویلکم بیک‘ جیسی فلموں میں مزاحیہ کرداروں سے بھی شائقین کو محظوظ کیا۔





