2026 کا نوبیل انعام برائے ادب کینیڈا سے تعلق رکھنے والی شاعرہ اور مضمون نگار این کارسن کے نام کر دیا گیا ہے۔
سوئیڈش اکیڈمی کی جانب سے ادب کے نوبیل انعام کے لیے این کارسن کے انتخاب کا اعلان کیا گیا۔ نوبیل کمیٹی کے مطابق این کارسن نے اپنے بے باک اور زندگی بھر کے ادبی کام کے ذریعے عصری ادب کی نئی اصناف اور اسلوب تشکیل دیے۔
ادب کے نوبیل انعام کا فیصلہ 18 رکنی سوئیڈش اکیڈمی کرتی ہے، جبکہ عام طور پر کسی مصنف یا شاعر کے مجموعی اور زندگی بھر کے ادبی کام کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
سوئیڈش اکیڈمی کی سیکرٹری انگرڈ کارلبرگ کے مطابق جب این کارسن کو انعام کی اطلاع دینے کے لیے رابطہ کیا گیا تو وہ آئس لینڈ میں موجود تھیں اور وہاں ہواؤں کی آواز سن رہی تھیں۔
ٹورنٹو، کینیڈا میں پیدا ہونے والی این کارسن قدیم یونانی اور رومی ادب کی کہانیوں اور تصورات کو اپنی شاعری، مضامین اور فکشن میں منفرد انداز سے پیش کرتی ہیں۔ ان کی معروف کتابوں میں Eros the Bittersweet، Autobiography of Red اور Men in the Off Hours شامل ہیں۔
نوبیل انعام کے ساتھ این کارسن کو 1 کروڑ 20 لاکھ سوئیڈش کرونا کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
گزشتہ سال ادب کا نوبیل انعام ہنگری کے مصنف لازلو کراسناہورکائی کو دیا گیا تھا۔
نوبیل انعامات کے سلسلے میں 5 اکتوبر کو طب، 6 اکتوبر کو طبیعیات اور 7 اکتوبر کو کیمسٹری کے انعامات کا اعلان کیا گیا۔ امن کے نوبیل انعام کا اعلان 9 اکتوبر جبکہ معاشیات کے نوبیل انعام کا اعلان 12 اکتوبر کو کیا جائے گا۔





