بین الاقوامی

جرمنی کے ایئرپورٹ پر زندہ زہریلے سانپوں اور چھپکلیوں سے بھرے بیگ والے آدمی کو روک لیا گیا۔

جرمنی ایئرپورٹ پر زہریلے سانپ اور چھپکلیاں برآمد
نمائندہ نیشنل پوائنٹ - جرمنی کے ایئرپورٹ پر زندہ زہریلے سانپوں اور چھپکلیوں سے بھرے بیگ والے آدمی کو روک لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت سے 35 ارب کا فراڈکرنیوالا ملزم پکڑا گیا۔ 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جرمنی کے کولون بون ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے میکسیکو سے آنے والے ایک 45 سالہ شخص کو روک لیا، جس کے سوٹ کیس سے 37 زندہ زہریلے سانپ اور 55 چھپکلیاں برآمد ہوئیں۔

کسٹمز حکام کے مطابق میکسیکو سے تعلق رکھنے والا فائر فائٹر ایئرپورٹ پر گرین چینل سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا، جہاں مسافروں کو ایسی اشیا ظاہر نہیں کرنی ہوتیں جن پر کسٹمز ڈیکلریشن ضروری ہو۔ اس دوران وہ غیر معمولی طور پر گھبرایا ہوا دکھائی دیا، جس پر حکام کو شک ہوا۔

جرمنی

حکام نے پہلے اس کا منشیات کا ٹیسٹ کیا، جو کوکین کے لیے مثبت آیا۔ تاہم، سوٹ کیس کی تلاشی کے دوران کوئی منشیات نہیں ملیں بلکہ اس میں مختلف اقسام کے سانپ اور چھپکلیاں چھپائی گئی تھیں۔

برآمد ہونے والے جانوروں میں وائپرز، ریٹل سنیکس اور آئیگوانا سمیت دیگر اقسام کے رینگنے والے جانور شامل تھے۔ انہیں شیمپو اور کریم کی بوتلوں، پلاسٹک کے ڈبوں اور جرابوں کے اندر چھپا کر رکھا گیا تھا۔

کولون کسٹمز کے ترجمان ینز آہلینڈ نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر تعینات عملہ سوٹ کیسوں میں مختلف اقسام کی اشیا دیکھنے کا عادی ہے، لیکن میکسیکو سے 37 زندہ زہریلے سانپ اور 55 چھپکلیاں ملنے کا یہ پہلا واقعہ تھا۔

ترجمان کے مطابق بعض جانوروں کو انتہائی نامناسب حالات میں رکھا گیا تھا، جبکہ میکسیکو سٹی سے استنبول کے راستے سفر کے دوران کچھ جانور مر بھی گئے۔

گرفتار شخص نے حکام کو بتایا کہ وہ یہ جانور اپنے ایک برازیلی جاننے والے کی درخواست پر لایا تھا۔ تاہم، اسے جرمنی میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور واپس استنبول بھیج دیا گیا۔

سوٹ کیس سے زندہ بچ جانے والے جانوروں کو جرمنی کے ایک سانپوں کے فارم میں منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔

کسٹمز ترجمان کے مطابق گزشتہ سال جرمنی بھر میں محفوظ جانوروں، پودوں اور ان سے بنی مصنوعات کی 1,300 سے زائد کھیپیں ضبط کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 56 ہزار 600 سے زیادہ جانور، پودے یا ان سے تیار کردہ مصنوعات شامل تھیں۔

اس سے قبل بھی کولون بون ایئرپورٹ پر میکسیکو سے آنے والے کھلونوں اور مٹھائیوں کے پارسلوں میں چھپائے گئے 26 نایاب رینگنے والے جانور برآمد ہوئے تھے، جن میں سے 10 مردہ تھے۔ یہ جانور جرمنی میں نجی خریداروں کو بھیجے جانے تھے۔

مزید خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

مادہ ہاتھی کی جذباتی تصویر نے جیتا 2026 کا بڑا عالمی اعزاز