پاکستانی تھیٹر کے سینئر اداکار اور معروف کامیڈین آصف اقبال بٹ المعروف ’’پھینا‘‘ انتقال کرگئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق آصف اقبال کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
آصف اقبال کی عمر 60 سال تھی اور ان کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔ وہ طویل عرصے سے پاکستانی تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں سے وابستہ تھے اور اپنے منفرد اندازِ اداکاری، برجستہ جملوں اور مزاحیہ کرداروں کے باعث ناظرین میں خاصی مقبولیت رکھتے تھے۔
انہوں نے اپنے فنی کیریئر کے دوران متعدد اسٹیج ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔ ان کی برجستگی اور مزاحیہ انداز نے انہیں تھیٹر کے شائقین میں ایک منفرد پہچان دی۔
آصف اقبال کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز اور تھیٹر سے وابستہ فنکاروں، ساتھی اداکاروں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے بھی ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تھیٹر کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔





