نیویارک ایئرپورٹ اور قریبی فضائی نیٹ ورک کو بڑے تکنیکی بحران کا سامنا ہے، جہاں آخری اطلاعات تک ملک کے 8 بڑے ایئرپورٹس کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔ ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، جبکہ 900 پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں تاخیر کا دورانیہ 170 منٹ تک رپورٹ ہوا ہے۔
حکام کے مطابق واقعہ نیو جرسی کے ریل آپریٹر ایمٹریک کے کنسٹرکشن ورک کے دوران کھدائی کے وقت پیش آیا۔ زمینی کام کے دوران ایئر ٹریفک کنٹرول کی ایک اہم فائبر آپٹک کیبل کٹ گئی، جس سے نیویارک سمیت خطے کا ٹیلی کمیونیکیشن سرکٹ فیل ہوگیا۔
کیبل کٹنے سے فلاڈیلفیا ایئر ٹریفک کنٹرول کی ریڈیو فریکوئنسیز شدید متاثر ہوئیں، جس کے بعد ہنگامی طور پر نیویارک، فلاڈیلفیا اور ٹیٹربورو ایئرپورٹس پر پروازیں روکنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ یہ سینٹر خطے کے بڑے ایئرپورٹس پر لینڈنگ اور ٹیک آف کی رہنمائی کرتا ہے۔
اس صورتحال سے نیویارک، فلاڈیلفیا، واشنگٹن، بوسٹن، سان ڈیاگو، ویسٹ پام بیچ اور ڈیلس ایئرپورٹس کا شیڈول شدید متاثر ہوا، جبکہ سیکڑوں پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی طرف موڑ دیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ شدید تکنیکی خرابی ایسے وقت میں پیش آئی ہے جب ملک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے لیے بین الاقوامی مندوبین کی پروازیں نیویارک پہنچ رہی ہیں، جبکہ اس بحران کی وجہ سے مسافروں کی پریشانی اور فضائی نظام پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔





