تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے دعویٰ کیا ہے کہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای طبی طور پر مکمل صحت مند ہیں اور ان کے چہرے اور ٹانگوں پر آنے والے زخم بھی ٹھیک ہوچکے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے مسعود پزشکیان نے بتایا کہ ان کی مجتبیٰ خامنہ ای سے دو مرتبہ ملاقات ہوئی، جن میں سے ایک ملاقات 7 گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کر رہا، کیونکہ مذہبی اعتبار سے جوہری ہتھیار تیار کرنا حرام ہے۔ ان کے مطابق ایران جوہری معائنہ کاروں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کے لیے بھی تیار ہے اور اس معاملے پر مذاکرات کے دوران کسی معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز سے متعلق مسعود پزشکیان نے کہا کہ اگر امریکا ایرانی پیشکش قبول کرتا ہے تو ایران آبنائے ہرمز کھولنے اور مذاکرات بحال کرنے کے وعدوں پر عمل کرے گا۔
انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان موجود بداعتمادی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے پابندیوں، دھمکیوں اور حملوں کے باعث امریکی صدر سے براہِ راست ملاقات مشکل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کو یہ خدشہ بھی ہے کہ مذاکرات کے بعد امریکا اپنے وعدوں پر عمل کرے گا یا نہیں۔





