ایک غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے اتوار کو متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا، جہاں ابوظبی میں ان کی اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات ہوئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ابوظبی میں ہوئی، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے نیتن یاہو کے مبینہ دورے اور ملاقات سے متعلق خبر پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال مئی میں بھی اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے نیتن یاہو کے متحدہ عرب امارات کے دورے اور اماراتی صدر سے ملاقات کی اطلاع دی گئی تھی، تاہم متحدہ عرب امارات نے اس ملاقات کی تردید کر دی تھی۔
حالیہ دعوے کے حوالے سے بھی دونوں جانب سے باضابطہ تصدیق سامنے نہ آنے کے باعث ملاقات سے متعلق معلومات فی الحال خبر ایجنسی کے دعوے تک محدود ہیں۔





