نئی دہلی: بھارتی ٹی وی اور فلم کے معروف اداکار کرن واہی نے پاکستانی اداکارہ کنزا ہاشمی کی تعریف کرتے ہوئے انہیں سرحد پار اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دے دیا۔
کرن واہی نے انسٹاگرام پر سوال و جواب کے سیشن کے دوران ایک مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کنزا ہاشمی کے بارے میں کہا کہ وہ ان کی پسندیدہ اداکارہ ہیں اور ان کی جان پہچان میں آنے والے سب سے خوش اخلاق لوگوں میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کرن واہی اور کنزا ہاشمی اس سے قبل میوزک ویڈیو ’میرے ہو جاؤ‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔ دونوں فنکاروں کے اس سرحد پار اشتراک کو مداحوں کی جانب سے بھی پسند کیا گیا تھا، جبکہ میوزک ویڈیو میں ان کی آن اسکرین کیمسٹری نے خاصی توجہ حاصل کی۔
اسی سوال و جواب کے سیشن میں ایک مداح نے کرن واہی سے پاکستان آنے کے بارے میں بھی سوال کیا۔ اداکار نے دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب انہیں پاکستان کا ویزا دیا جائے گا تو وہ پاکستان آئیں گے۔
کرن واہی کی جانب سے کنزا ہاشمی کی تعریف کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے گفتگو ہوئی، جہاں مداحوں نے دونوں فنکاروں کے درمیان دوستانہ تعلق اور باہمی احترام کو سراہا۔





