سابق بھارتی کرکٹر یوگراج سنگھ نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عمران خان بھارت میں ہوتے تو انہیں ملک کا اعلیٰ ترین شہری اعزاز ’بھارت رتن‘ بھی مل سکتا تھا۔
یوگراج سنگھ نے ایک انٹرویو میں عمران خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بھارت میں ہوتے تو لوگ انہیں سر آنکھوں پر بٹھاتے اور انہیں ملک کی شان سمجھا جاتا۔
انہوں نے عمران خان کو پاکستان کرکٹ کی ایک پوری نسل کے لیے رہنمائی کرنے والی شخصیت قرار دیا۔ یوگراج سنگھ کے مطابق وسیم اکرم، وقار یونس اور انضمام الحق جیسے کھلاڑیوں کو عمران خان نے سمت، اعتماد اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔

یوگراج سنگھ نے عمران خان کی موجودہ صورتحال پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں حیرت ہے کہ ایک ایسا شخص جس نے ملک کے لیے اہم کردار ادا کیا، آج جیل میں ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران پاکستانی حکام سے سوال کیا کہ وہ ایسے معاملات سے اپنے اللہ کو کیوں ناراض کرتے ہیں۔ انہوں نے مذہبی ہم آہنگی کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ، رام اور واہگرو ایک ہی ہیں اور لوگوں کو ایسے کاموں سے گریز کرنا چاہیے۔
یوگراج سنگھ کے عمران خان کے بارے میں یہ ریمارکس سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔





