ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے مؤقف میں کسی بھی تبدیلی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے ایران کی شرائط پہلے ہی واضح ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر مختلف دعووں اور بیانات کے ذریعے پروپیگنڈا شروع ہوگیا ہے اور ایران سے بعض باتیں منسوب کرکے ایسے دعوے کیے جا رہے ہیں جو درست نہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ ان شرائط کی تکمیل سے مشروط ہے جن کا ایران پہلے ہی اعلان کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر معاملات پر بھی ایران کا مؤقف واضح ہے اور کسی قسم کی لچک دکھانے کی بات نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق ایران کا مؤقف بالکل شفاف ہے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ اس وقت بنیادی موضوع آبنائے ہرمز ہے اور اس کا کھلنا ایران کی جانب سے بیان کردہ شرائط پوری ہونے پر منحصر ہے۔
جوہری معاملے پر ایران کی جانب سے ممکنہ لچک کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ایرانی وزیر خارجہ نے ایسی اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاملے میں لچک دکھانے کی بات بالکل غلط ہے اور وہ اس کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
یوں ایرانی وزیر خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز اور جوہری معاملے سے متعلق ایران کے مؤقف میں کسی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا۔





