اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں خیبر پختونخوا حکومت کے حوالے سے واضح مؤقف پیش کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ دہشت گردی کی سہولت کاری میں ملوث ہوکر سیاست کے پیچھے نہیں چھپا جاسکتا۔ ان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی گفتگو میں یہ بات واضح الفاظ میں بیان کردی ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور ایسے میں صوبائی حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبر پختونخوا حکومت دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں آگے کیوں نہیں آتی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے معاملے پر ابہام پیدا کرنے کے بجائے پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا ضروری ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے بیان میں خیبر پختونخوا حکومت کے طرزِ عمل پر سخت سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے بیانیے میں کنفیوژن پیدا کرنے کے بجائے اس کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔





