اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس وقت یمن میں حوثیوں کے خلاف لڑائی سعودی عرب کی افواج کر رہی ہیں، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کی افواج سعودی عرب کو سپورٹ فراہم کر رہی ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یمن میں حوثیوں نے پسپائی اختیار کی ہے اور یمنی فوج نے کئی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرلیا ہے۔
وزیر دفاع نے واضح کیا کہ آج ہونے والی میٹنگ یمن کے معاملے سے متعلق نہیں تھی بلکہ دفاعی اتحاد کے تنظیمی ڈھانچے کو حتمی شکل دینے کے لیے تھی۔
خواجہ آصف کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کی اس خطے میں موجودگی ہے، تاہم اس وقت یمن میں براہِ راست لڑائی سعودی عرب کی فوجیں کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو جس نوعیت کی مدد درکار ہے، وہ فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان اور ترکیہ کی افواج سپورٹ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
خواجہ آصف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یمن کی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی کے حوالے سے خطے میں فوجی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔





