ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے اپنے کیریئر کے ایک مشکل دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے والد کے ایک مشورے نے انہیں ایک ایسا فیصلہ کرنے میں مدد دی جس نے بعد میں ان کے کیریئر کو نئی سمت دی۔
بگ باس کے شرکا سے گفتگو کے دوران سلمان خان نے اپنی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’میں نے پیار کیا‘ سمیت کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، تاہم ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کے بارے میں ہر طرف منفی گفتگو ہو رہی تھی۔
سلمان خان کے مطابق اس وقت ان کی ذاتی زندگی، عدالتی مقدمات اور فلمی کیریئر سمیت مختلف معاملات خبروں میں تھے اور میڈیا میں ان پر مسلسل تنقید کی جارہی تھی۔
اداکار نے بتایا کہ حالات اس حد تک خراب ہوگئے تھے کہ انہوں نے ’دس کا دم‘ کی میزبانی کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں انہوں نے اپنے والد سے بات کی اور ان سے مشورہ مانگا۔ والد نے انہیں شو کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وہ پروگرام میں خود کو ویسا ہی پیش کریں جیسے وہ حقیقت میں ہیں۔
سلمان خان نے بتایا کہ والد کے مشورے پر انہوں نے شو کی میزبانی قبول کرلی۔ پروگرام میں انہوں نے اپنی شخصیت کو مصنوعی انداز میں پیش کرنے کے بجائے خود کو حقیقی انداز میں عوام کے سامنے رکھا۔
اداکار کے مطابق ’دس کا دم‘ کی میزبانی کے بعد لوگوں کی توجہ ان کے ماضی کے تنازعات سے ہٹ کر شو اور ان کی شخصیت پر مرکوز ہوگئی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ان کی سابقہ فلموں اور اس وقت جاری تنقید کو تقریباً فراموش کردیا اور ’دس کا دم‘ ان کی شناخت کا ایک اہم حصہ بن گیا۔
سلمان خان کے کیریئر میں ’دس کا دم‘ کی میزبانی کو ایک اہم موڑ قرار دیا جاتا ہے۔ ٹیلی ویژن پر ان کی موجودگی نے انہیں ناظرین کے ایک بڑے طبقے کے ساتھ براہِ راست جڑنے کا موقع دیا اور ان کی عوامی شخصیت کے تاثر میں بھی تبدیلی آئی۔
بعد ازاں سلمان خان نے فلموں کے ساتھ ٹیلی ویژن پر بھی اپنی مقبولیت برقرار رکھی، جبکہ بگ باس کی میزبانی نے بھی انہیں ناظرین کے ساتھ ایک مختلف انداز میں جوڑ دیا۔
سلمان خان کے مطابق مشکل وقت میں ان کے والد کا دیا گیا مشورہ—یعنی خود کو چھپانے کے بجائے اپنی حقیقی شخصیت کے ساتھ سامنے آنا—ان کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوا۔





