پنجاب بھر کے سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کے لیے آن لائن درخواستوں کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ درخواستیں دینے والوں میں طالبات کی شرح طلبہ کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے اشتراک سے چلنے والے آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم (OCAS) کے ذریعے اب تک سوا دو لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
پنجاب کے سرکاری کالجوں میں طالبات کی درخواستیں 65 فیصد سے زیادہ
موصولہ درخواستوں میں ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد طالبات کی ہیں، جو مجموعی درخواستوں کا 65.25 فیصد بنتی ہیں۔ دوسری جانب طلبہ کی تعداد تقریباً 78 ہزار ہے، جن کی شرح 34.75 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ہر تین درخواست دہندگان میں تقریباً دو طالبات شامل ہیں، جو سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کے لیے طالبات کی نمایاں شرکت کو ظاہر کرتا ہے۔
ایف اے اور آئی سی ایس طلبہ کی پہلی پسند
داخلوں کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں میں ایف اے 86 ہزار 220 درخواستوں کے ساتھ سب سے مقبول شعبہ رہا، جبکہ آئی سی ایس کے لیے 72 ہزار 43 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان دونوں شعبوں سمیت ایف ایس سی پری میڈیکل میں درخواستوں کی تعداد بھی نمایاں رہی۔
ایف ایس سی پری میڈیکل کے لیے 39 ہزار 255 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان تینوں شعبوں میں طالبات کی شرکت زیادہ رہی، جن میں پری میڈیکل میں طالبات کا تناسب 80 فیصد، ایف اے میں 69 فیصد اور آئی سی ایس میں 58 فیصد رہا۔
فنی شعبوں میں بھی داخلوں کے لیے درخواستیں
فنی تعلیم کے شعبوں میں ایف اے آئی ٹی کے لیے 9 ہزار 951 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں طالبات کا حصہ 63 فیصد رہا۔ دوسری جانب ڈی آئی ٹی اور ڈی کام جیسے شعبوں میں طلبہ کی شرکت زیادہ نمایاں رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق ہوم اکنامکس، میڈیکل لیب ٹیکنالوجی، ڈینٹل ہائجین اور فزیوتھراپی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں درخواستوں کی تعداد نسبتاً کم رہی۔
آن لائن نظام سے داخلوں کا عمل آسان
چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف کے مطابق آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم نے داخلوں کے عمل کو آسان بنانے اور طلبہ و والدین کو لمبی قطاروں سے بچانے میں مدد فراہم کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے ذریعے حاصل ہونے والا تعلیمی ڈیٹا حکومت کو بہتر فیصلے کرنے اور مستقبل کی تعلیمی منصوبہ بندی میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔
سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کے لیے درخواستیں آن لائن کالج ایڈمشن سسٹم کی ویب سائٹ ocas.punjab.gov.pk پر جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
داخلہ فیس کی ادائیگی کے لیے بھی مختلف سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ OCAS کے PayZen کے ساتھ انضمام کے بعد موبائل بینکنگ، اے ٹی ایم، کارڈز، ٹی سی ایس اور برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے فیس ادا کی جا سکتی ہے۔
مزید خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
آٹے کی قیمت میں اضافہ، کراچی میں تھیلا 3540 روپے تک پہنچ گیا





