بالی ووڈ اداکار عامر خان کے بھانجے عمران خان کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف احتجاج میں شرکت کے بعد بھارت چھوڑنے کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں 28 اکتوبر 2026 تک ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے عمران خان کے خلاف امیگریشن قوانین کے تحت کارروائی کی ہے۔ اداکار نے 10 اکتوبر کو ممبئی کے آگسٹ کرانتی میدان میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کی تھی، جہاں مظاہرین نے بھارتی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا۔
احتجاج میں شرکت پر پولیس نے حراست میں لیا
بھارتی میڈیا کے مطابق احتجاج کے دوران ممبئی پولیس نے عمران خان کو حراست میں لے لیا تھا۔ پولیس کا مؤقف تھا کہ مظاہرے کے لیے باضابطہ اجازت نہیں لی گئی تھی، جبکہ احتجاج کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
بعد ازاں اداکار کو غیر ملکی شہری ہونے کے باوجود سیاسی احتجاج میں شرکت کے معاملے پر نوٹس جاری کیا گیا۔
عمران خان امریکی شہری ہیں
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان بھارتی شہری نہیں بلکہ امریکی شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کارڈ ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی بنیاد احتجاج میں شرکت اور غیر ملکی شہری ہونے سے متعلق امیگریشن قوانین ہیں۔ انہیں 28 اکتوبر تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب چیف الیکشن کمشنر کے خلاف احتجاج اور انتخابی فہرستوں سے متعلق مطالبات پر بھارت میں سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں۔ عمران خان کی جانب سے نوٹس کے خلاف کسی قانونی اقدام سے متعلق تفصیلات سامنے آنے پر معاملے کی مزید صورتحال واضح ہوسکے گی۔





